مسلم لیگ( ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز جاتی امراء پہنچ گئیں

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ( ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز علامہ اقبال ائیر پورٹ سے قافلے کی صورت میں اپنی رہشگاہ جاتی امراء پہنچ گئی ہیں ، کیپٹن (ر) صفدر اور مسلم لیگ (ن )کی دیگر قیادت بھی ان کے ہمراہ تھی ۔ اس موقع پر مریم نواز کا پرتباک استقبال کیا گیا ، کارکنوں کی جانب سے قافلے پر گل پاشی کی گئی اور مریم نواز کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔
اس سے قبل لاہور ائیرپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاہے کہ نوازشریف بہت جلد پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ پاکستان واپس آئیں گے ،مسلم لیگ (ن )الیکشن سے نہیں ڈرتی جب بھی ہوں گے پنجاب میں بھاری اکثریت سے جیتیں گے ، جو نئی ذمہ داریاں ملی ہیں اب ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی ، یکم فروری سے پنجاب کے ہر ضلع کا دورہ کروں گی ، جب تک ملک کو مشکلات سے نہیں نکالیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔