بنگلہ دیش میں چھپن چھپائی کھیلتا ہوا بچہ ملائیشیا پہنچ گیا
ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش میں چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے ایک بچہ ملائیشیاءجا پہنچا۔ دی مرر کے مطابق واقعہ کچھ یوں ہوا کہ فہیم نامی یہ بچہ اپنے دیگر دوستوں کے ساتھ ساحلی شہر چٹاگانگ میں چھپن چھپائی کھیل رہا تھا۔ ان کے گھر بندرگاہ کے قریب تھے اور یہ بچہ جا کر ایک کنٹینر میں چھپ گیا۔
یہ کنٹینر ملائیشیاءجانے کے لیے تیار تھا۔ کسی کو احساس بھی نہ ہوا کہ کنٹینر میں بچہ موجود ہے اور انہوں نے کنٹینر بحری جہاز پر لاد دیا اور 6دن کا سفر طے کرتے ہوئے بچہ ملائیشیاءجا پہنچا۔اتنے دن کی بھوک پیاس کی وجہ سے بچے کی حالت غیر ہو چکی تھی اور وہ بے ہوشی کے قریب تھا۔ اسے سٹریچر پر بندرگاہ سے ہسپتال پہنچایا گیا۔
اچانک فہیم نے خود کو ایک اجنبی شہر اور اجنبی لوگوں میں پایا جن کی زبان بھی اسے سمجھ نہیں آتی تھی۔ ابتدائی طور پر اس کیس کو انسانی سمگلنگ کے طور پر لیا گیا اور تاہم فہیم نے کچھ ہوش سنبھالنے پر کچھ اور ہی حقیقت بتائی۔ ملائیشین پولیس اس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ملائیشین وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ بچے کو واپس بنگلہ دیش پہنچانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔