بدبو سے پریشان کرایہ دار مکان چھوڑ گیا، مالکن نے جا کر دیکھا تو ایسا انکشاف کہ غصے کی انتہا نہ رہی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک خاتون نے اپنا ایک گھر کرائے پر دے رکھا تھا۔ اس کرائے دار نے متعدد بار خاتون سے شکایت کی کہ گھر سے بہت بری بدبو آتی ہے۔ بالآخر کرائے دار اسی وجہ سے گھر چھوڑ گیا۔ اس کے جانے کے بعد جب خاتون اپنا گھر دیکھنے کے لیے گئی تو بدبو کی ایسی وجہ معلوم ہوئی کہ سن کر آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو جائے گا۔
دی مرر کے مطابق سٹیفنی نامی اس خاتون نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پرایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ اپنے اس گھر کی حالت دکھاتی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچن سے لے کر وارڈروب تک میں گندے برتن بھرے پڑے تھے اور ان میں بچا ہوا کھانا بھی جوں کا توں تھا جو گل سڑ چکا تھا۔
یہی نہیں بلکہ اس کرائے دار نے کچراوغیرہ بوریوں میں بھر کر وہ بھی گھر کے اندر ہی رکھا ہوا تھا، جس میں موجود کھانے کی بچی کھچی اشیاءسے تعفن اٹھ رہا تھا۔ سٹیفنی ویڈیو میں ناک پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہتی ہے کہ نجانے لوگ کیسے اس طرح رہ لیتے ہیں۔ یہ شخص بار بار مجھ سے بدبو کی شکایت کر رہا تھا مگر بدبو کی وجہ خود اس کا اپنی پھیلائی ہوئی گندگی تھی۔اس نے درازوں تک میں گندے برتن بھر رکھے تھے۔