رنگ روڈ پر تمام ٹول پلازوں کو سٹیٹ آف آرٹ بنانے کا فیصلہ
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے رنگ روڈ پر موجود تمام ٹول پلازوں کی بیوٹیفکیشن اور انہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ ان کی زیر صدارت اجلاس میں رنگ روڈ کی مجموعی بہتری، اسفالٹ ورک، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، دیوار و ں پر پینٹ ورک، ٹول پلازوں کی بحالی اور پینٹ آرٹ ورک سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری، رنگ روڈ اتھارٹی، ایف ڈبلیو او اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر کو رنگ روڈ کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ رنگ روڈ پر موجود تمام ٹول پلازوں کو جدید طرز پر آراستہ کیا جائے اور انہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے۔ انہوں نے سروس روڈ پر موجود ویلجز کی بیرونی دیواروں پر کیے گئے پینٹ ورک کو قابلِ ستائش قرار دیا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹول پلازوں کے قریب سڑکوں پر پینٹ آرٹ ورک سے رنگ روڈ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گا، جبکہ خراب حصوں پر اسفالٹ ورک تیزی سے جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دلکش اور خوبصورت پودے لگانے کا عمل بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ کو ایک ماڈل روڈ بنانے کی جانب تیزی سے پیش رفت کی جا رہی ہے اور بیوٹیفکیشن کے اقدامات کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر نمایاں بہتری آ رہی ہے
