بھارتی حکمران طاقت کے بل پر تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کی پالیسی ترک کر دیں، محمد اعظم انقلابی
سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں جموںو کشمیر محاذ آزادی کے سر پرست اعلیٰ محمداعظم انقلابی نے کہا ہے کہ استعماریت پسندبھارتی حکمرانوں کو طاقت کے بل پر تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کی پالیسی ترک کر کے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے سنجیدگی سے آگے آنا چاہیے۔ محمد اعظم انقلابی نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کے نزدیک کنٹرول لائن کی کوئی حیثیت نہیں، بھارت نے طاقت کے بل پرجموںو کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ جما کر کشمیریوں کو ایک دوسرے سے جد اکر دیا ہے۔
محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ کشمیری جموں وکشمیر کی وحدت کو نقصان پہچانے کی کسی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ محمد مقبول بٹ ،محمدافضل گورو ، میر واعظ مولوی محمد فاروق ، ڈاکٹر قاضی نثار ، خواجہ عبدالغنی لون ، ڈاکٹر غلام قادر وانی ، مقبول ملک ، شیخ عبدالعزیز ، ایڈوکیٹ حسام الدین ، ایس حمید ، ڈاکٹر عبدالاحد گورو ، ڈاکٹر عشائی ، جلیل اندرابی ایڈوکیٹ، شمس الحق، مولانا شوکت شاہ ، مولوی مشتاق ، ایڈوکیٹ غلام قادر سیلانی ، محمد شعبان وکیل ، اشفاق مجید وانی ، مقبول الہیٰ، شبیر صدیقی اور دیگر لاکھوں کشمیریوں نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے شہداءکی عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیں گے۔محمد اعظم انقلابی نے اسرائیل کے ہاتھوں سینکڑوں فلسطینی شہریوںکے قتل پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت پر عالمی اسلام کی خاموشی کو افسوس ناک قرار دیا۔