شامی حکومت اورداعش جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں، اقوام متحدہ
نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ نے کہاہے کہ شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ شام(داعش) شام میں جنگی جرائم کی مرتکب ہوئی ہے۔ اس عالمی ادارے کے کمشنر پالو پنہوریو نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران تفتیش اسلامک اسٹیٹ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شامی حکومت اور آئی ایس میں سے کس نے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی ہیں تاہم دونوں ہی اس طرح کے واقعات کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر احتساب نہ کیا گیا تو یہ سلسلہ اسی طرح سے جاری رہے گا۔