متحدہ عرب امارات، یورپ ، امریکہ اور پاکستان کے قبائلی علاقوں میں عیدالفطر ، غزہ میں بھی شوال کا چاندنظرآگیا
پشاور، بنوں ،جدہ ، غزہ سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے قبائلی علاقوں ،کراچی کی بوہری برادری، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور یورپ میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے جبکہ پشاور،بنوں اور سعودی عرب سمیت کئی مقامات پر عیدکی نماز اداکردی گئی ہے جبکہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں منگل کو عیدالفطر ہونے کے قوی امکان ہیں،غزہ میں عید کا چاند تونظرآگیاتھالیکن امن خواب بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق عراق، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات،قطر،اردن،انڈونیشیا،بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر آگیاتھا اورآج پیر کو عیدالفطر منائی جارہی ہے ، مسجد الحرام میں نماز عید اداکردی گئی ہے جس میں فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اہل اسلام ، غزہ مکینوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔
یورپ کے بیشترممالک کے مسلمانوں نے سعودی عرب کیساتھ عیدالفطر منانے کا اعلان کیا اور کویت ،لبنان ، فلسطین ،آسٹریلیا،برطانیہ،امریکہ اور یورپ کے دیگر ممالک میں عید الفطرمنائی جارہی ہے ۔
دوسری جانب اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ اور لہو لہوفلسطین میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے،فلسطین کے مفتی اعظم نے آج عید منانے کا اعلان کیالیکن اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے بچے ، بڑے سب خاموش اور پریشان ہیں۔اسی طرح اردن،لبنان،شام میں بھی آج عیدالفطرمذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
کراچی میں بوہری برادری نے عید منائی ، پاکستان میں شمالی وزیرستان سے مختلف مقامات پر نقل مکانی کرنیوالے، پشاوراور بنوں کے مکین عیدالفطر منارہے ہیں ، پشاور کی مسجد محابت خان میں عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوا، کالاباغ کے علاقے کوٹ چاندنہ میں آئی ڈی پیز کے کیمپ میں متاثرین نے عیدالفطر اداکی اور بیشتراجتماعات میں ”ضرب عضب“ کی کامیابی کیلئے دعائیں کی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آئی ڈی پیز کیساتھ عید منانے پہنچ گئے ۔
دوسری طرف سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات میں چاندنظرآنے کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ منگل کو پاکستان میں بھی شوال کا چاند نظر آجائے گا اور عید الفطر 29 جولائی بروز منگل کو منائی جائے گی تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔