اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کا نفاذ،عدالت عالیہ نے فوج طلب کرنے کا نوٹی فکیشن طلب کر لیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران فوج کو طلب کرنے کا نوٹی فکیشن طلب کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس انور کاسی کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج طلب کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف دائردرخواست کی سماعت کی۔درخواست ہائی کورٹ بار کے صدر اور سیکریٹری کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نے وفاق، وزارت دفاع، وزارت داخلہ اوروزارت قانون کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت آرٹیکل 245 کا نفاذ صرف سول انتظامیہ کی ناکامی کی صورت میں ہی کیا جاسکتا ہے، اسلام آباد میں امن وامان کا کوئی مسئلہ نہیںہے اور نہ ہی ایسے حالات ہیں کہ فوج طلب کی جائے لہذا عدالت اس حکم کو کالعدم قرار دے۔سماعت کے دوران جسٹس انور کاسی نے ریمارکس دیئے کہ درخواست کے ساتھ نوٹی فکیشن کی نقل منسلک نہیں اس لئے اس سلسلے میں کوئی حکم جاری نہیں کرسکتے۔ عدالت نے سیکریٹری دفاع ،داخلہ اور قانون کو 6 اگست کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے نوٹی فکیشن فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔