اسرائیل کی مذمت کے بعد ترکی نے ’مرمت‘ کا فیصلہ کر لیا
انقرہ (نیوز ڈیسک) ترکی نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کے بعد اب عملی اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کردیا ہے اور وزیر خارجہ احمد داوتوگلو نے کہا ہے کہ ترکی غزہ میں امداد پہنچانے کیلئے فضائی پل بھی قائم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 ٹن طبی امداد تیار ہے اور اسے غزہ پہنچانے کیلئے غور و حوض جاری ہے۔ مرکزی اناطولیہ کے صوبہ کو نیا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ غزہ میں جنگ بندی میں توسیع کی جائے گی تاکہ محصورین تک غذائی طبی امداد پہنچائی جاسکے۔ اس سے پہلے حماس کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی اپیل پر امدادی سرگرمیوں کیلئے 24 گھنٹے کی جنگ بندی کیلئے تیار ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی اخبار ”ہارٹز“ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل انسانی ہمدردی کے تحت جنگی بندی کرنے کیلئے تیار نہیں اور اقوام متحدہ کی تجویز کو رد کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے اسرائیل اور حماس دونوں سے 24 گھنٹے کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔