ایبولا وائرس نائیجیریا پہنچنے کی اطلاع
لاگوس (نیوز ڈیسک) براعظم افریقہ کے سب سے بڑے شہر لاگوس کے ایئرپورٹ پر جب خوفناک ایبولا وائرس کا شکار مسافر بے ہوش ہوکر گرا تو ساری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ہر ملک نے اپنے ایئرپورٹوں پر خصوصی انتظامات شرع کردئیے کہ کہیں یہ مہلک وائرس اُن کی طرف نہ بڑھ رہا ہو۔ ایبولا وائرس نے اس وقت افریقہ میں دہشت پھیلا رکھی ہے اور دیگر ممالک اس سے بچنے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں۔ لاگوس ایئرپورٹ پر مسافر کے بے ہوش ہونے پر معلوم ہوا کہ وہ ایبولا کا شکار بن چکا ہے اور وائرس کے فضائی سفر کے ذریعے ایک سے دوسرے ملک پہنچنے کا خدشہ تقویت پکڑ گیا ہے۔ گنی، لائبیریا اور سیرالیون جو کہ پہلے ہی اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، نے خصوصی انتظامات شروع کردئیے ہیں تاکہ ایئرپورٹ پر ایبولا کے مریضوں کو علیحدہ کردیا جائے تاکہ یہ دیگر ممالک تک نہ پہنچے، ایسے ہی انتظامات دیگر ممالک میں بھی شروع ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایبولا وائرس کے مریض بخار کا شکار ہونے کے بعد دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور جگر اور گردوں کے فیل ہونے پر موت واقع ہوجاتی ہے۔