ملائیشین ائیر لائینز کانام تبدیل کرنے پر غور
کوالا لمپور (نیوز ڈیسک) ملائیشیا ایئرلائن پر بدقسمتی نے پچھلی چند ماہ کے دوران ایسے خوفناک حملے کئے ہیں کہ یہ ایئرلائن اپنا نام بدلنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ پچھلے چھ ماہ کے دوران دو بڑے حادثیوں اور ان میں 537 مسافر و عملے کے افراد کی ہلاکت نے دنیا بھر میں اس ادارے کے کاروبار کو متاثر کیا ہے اور اب اس ایئرلائن کا نام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ کئی روٹ تبدیل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ کاروبار کی ساکھ کو بہتر کرنے کیلئے بہت سے شعبے دوسری کمپنیوں کے حوالے کردئیے جائیں گے اور نقصانات کو کم کرنے اور کاروبار کو پھیلانے کیلئے نئے سرمایہ کار بھی ڈھونڈے جائیں گے۔ متوقع تبدیلیوں پر غور و حوض حکومتی نگرانی میں کیا جارہا ہے۔ ایئرلائن میں اکثریتی حصص کی مالک ملائیشن حکومت ہی ہے۔ حکومت نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ فضائی خطرات اور محفوظ روٹ کی معلومات فراہم کرنے کے لئے عالمی سطح پر ایک ہی ادارہ ہونا چاہیے۔