ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ 30 جولائی سے شروع ہوگی
اسلام آباد(اے پی پی) ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ 30 جولائی سے برما، میانمار میں شروع ہوگی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے ترجمان علی اکبر شاہ نے بتایا کہ ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت 18 سے زائد ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی یہ چیمپئن شپ 6 اگست تک جاری رہے گی۔ 12 رکنی قومی ٹیم کی قیادت محب رسول کریں گے دیگر کھلاڑیوں محمد ادریس، شیراز، دلاور خان، مبشر رضا، منیر احمد، وسیم خان، محمد آصف، کاشف، ناصر لبرو، فہد رضا اور امل خان شامل ہیں جبکہ ٹیم کے ہمراہ کوچنگ کے فرائض کوچز مظہر حسین گوجر اور محمد اظہر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایشین گیمز اور ایشین کلب چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں جاری ہے۔ تربیتی کیمپ میں کھلاڑی بھر پور محنت کر رہے ہیں ان کھلاڑیوں کو چار قومی کوچز تربیت دے رہے ہیں جن میں مظہر حسین گوجر، محمد اظہر، محمد شہباز اور محمد اکرم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ قومی ٹیم ایشین کلب والی بال چیمپئن شپ میں بآسانی فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی۔