سرمایہ کاری پر منافع، غیر ملکی کمپنیوں نے 2.32ارب ڈالر اپنے ممالک منتقل کئے
لاہور (کامرس رپورٹر)گزشتہ مالی سال 2017۔18ء کے اختتام پر ملک میں سرمایہ کاری کرنیوالی غیر ملکی کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے 2.32 ارب ڈالر کے منافع جات اپنے اپنے ممالک کو منتقل کئے گئے ہیں۔گزشتہ سال اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادو وشمار میں بتایا گیاکہ مالی سال 2016۔17ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منتقل کئے گئے منافع جات کی شرح میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران 2.32 ارب ڈالر کے منافع جات اور ڈیوڈنڈز وغیرہ کی منتقلی کی گئی ہے جبکہ مالی سال 2016۔17ء کے دوران 2.11 ارب ڈالر کے منافع جات کی منتقلی ہوئی تھی۔اس طرح مالی سال 2016۔17ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2017۔18کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیوالی کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے 210 ملین ڈالر کے زائد منافع جات منتقل کئے گئے ہیں۔