کاروباری برادری پی ٹی آئی کی کامیابی کو خوش آئند سمجھتی ہے،ملک سہیل

کاروباری برادری پی ٹی آئی کی کامیابی کو خوش آئند سمجھتی ہے،ملک سہیل

لاہور(کامرس ر پورٹر)تاجر رہنما اور اسلام آباد چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ملک سہیل حسین نے کہا ہے کہ ملک بھر کی کاروباری برادری الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی کو خوش آئند سمجھتی ہے اور اچھے وقت کیلئے پر امید ہے ۔آنے والے وزیر اعظم عمران خان اہم اقتصادی معاملات سمیت تمام امور میں شفافیت، احتساب اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنائیں گے جس سے ملک میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ملک سہیل حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، اسد عمر اور شیخ رشید کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو امید ہے کہ معاشی معاملات کو ترجیح دی جائے گی اورانکے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایسے مفادپرستوں سے ہوشیار رہے جو اپناناجائزپیسہ استعمال کر کے ہر آنے والی حکومت کے قریب ہو جاتے ہیں اور کروڑوں خرچ کر کے اربوں روپے کے فائدے اٹھاتے ہیں جس سے عوام اور معیشت کوبھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ حکومت کی ساکھ خراب ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ایسے لوگوں کی ایک فہرست بنائے اور انکے اثاثوں اور ماضی کی چھان بین کرے تو پتہ چلے گا کہ انکی وفاداریاں تبدیل ہوتی رہتی ہیں اور انکی اصل وفاداری صرف اپنی ذات سے ہے ۔یہ لوگ حکومت کے علاوہ اپوزیشن اور شدت پسند عناصر سے بھی مستقبل روابط رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ خوشامدی ٹولے نے پاکستان میں لوٹ مار کر کے اربوں روپے باہر منتقل کئے جس کی واپسی ضروری ہے جسکے لئے اعلیٰ حکومتی حکام کو ان سے دور رہنا ہو گا ورنہ انکے خلاف کاروائی ناممکن ہو جائے گی۔

عمران خان کی کامیابی میں غریب عوام اور متوسط طبقہ نے بنیادی کردار ادا کیا ہے اس لئے انھیں قریب رکھا جائے اور جاگیرداروں سرمایہ داروں اور وڈیروں سے دور رہا جائے جو انھیں اپنے نرغے میں لینے کی کوششیں کریں گے۔حکومت سفید پوشوں کو موقع فراہم کرے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ سرکاری اداروں سے کرپشن ختم کرنے کے علاوہ نجی اداروں میں بھی کریشن ختم کی جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

مزید : کامرس