یونائیٹڈ بزنس گروپ کاپی ٹی آئی کوشاندار کامیابی پر مبارکباد
کراچی(اکنامک ر پورٹر)یونائیٹڈبزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے تحریک انصاف کو قومی اورصوبائی انتخابات میں شاندار کامیابی اور افواج پاکستان ، نگراں حکومت سمیت الیکشن کمیشن کو پاکستان میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی تعمیر وترقی کاسفر جاری رہے گا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی کامیابی کے بعد تقریر نے ثابت کردیا ہے کہ عمران خان تمام سیاسی اختلافات کو بھلاکر ملک وقوم کی تعمیر وترقی کے لیے اپنا بھرپورکرداراداکرینگے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بن قاسم ٹریڈ اینڈانڈسٹری ایسوسی ایشن ( بقاٹی )کے سرپرست اعلیٰ میاں محمد احمد کی جانب سے اپنے اعزازمیں دئیے گئے عشائیے کے دوران کہی اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل عمران احمد صدیقی،کیم صدیقی،آفتاب رضوی،جاوید مغل،علی محمد میمن ،محسن مسعود،نوید بخاری، محبوب شیخ،نوراحمدخان،عثمان شیخ،نوید الحسن سمیت دیگر بھی موجودتھے۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان میں وقت مقررہ پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کی جانب سے انتخابی عمل کو پایہ تکمیل تک مکمل کرنا خوش آئند عمل ہے جبکہ افواج پاکستان نے پرامن انتخابی عمل کے انعقاد کوممکن بنایا ہے جسکے لیے افواج پاکستان مبارکبادکی مستحق ہے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی قومی وصوبائی اسمبلی کے انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے ملک وقوم کی تعمیر وترقی ،اخراجات میں کمی سمیت دیگر اعلانات خوش آئند اقدام ہے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل جاری رہنے سے پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہوگا اور تاجروصنعتکاربرادری ملک کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اپنا بھرپورکردارجاری رکھے گی ۔اس موقع پر تقریب کے میزبان بکاٹی کے سرپرست اعلیٰ میاں محمد احمد نے کہا کہ پاکستانی عوام نے انتخابی عمل میں بھرپورشرکت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو شکست سے دوچارکردیا لہذا اب تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے ملک کی تعمیر وترقی کے لیے اپنا اپنا کرداراداکرے ۔انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں پاکستان میں انتخابی عمل کو سبوتاڑ کرنا چاہتی ہے اور اپنے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے عوام کے دلوں میں خوف پیداکرنے کے لیے خودکش حملے کررہے تھے تاکہ ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل جاری نہ رہے سکے لیکن افواج پاکستان ملک وقوم کی بقاء کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیارہے اور ملک وقوم کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔