ایف پی سی سی آئی نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں توسیع کا مطالبہ کر دیا

ایف پی سی سی آئی نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں توسیع کا مطالبہ کر دیا

کراچی(اکنامک ر پورٹر)فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کامیابی سے کاروباری برادری کا اعتماد بڑھا ہے جس میں وقت کے ساتھ اضافہ ہو گا۔ نئی حکومت بننے سے قبل ہی کرنسی اور سٹاک مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔نئی حکومت سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں اضافہ ہو گا ، کئی ممالک سے کشیدہ تعلقات بہتر ہو جائیں گے اور عالمی برادری میں پاکستان کی ساکھ بہتر ہو گی۔کریم عزیز ملک نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بطور وزیر اعظم پڑوسی ممالک سے تعلقات، پاکستان میں کاروبار کی فضاء ، کاشتکاروں اورغریبوں کی حالت زار بہتر بنائیں گے جو خوش آئند ہے۔انکے دور میں صحت اور تعلیم کے شعبے بھی نمایاں ترقی کریں گے جبکہ کرپشن ، لاقانونیت، بے روزگاری اور عدم استحکام میں زبردست کمی آئے گی۔

انھوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی جبکہ پی آئی اے، سٹیل ملز، ریلوے اور توانائی کی کمپنیوں میں اصلاحات لائی جائیں گی۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کریم عزیز ملک نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم لانا ایک خوش آئند قدم ہے جس سے ایک کھرب تک کا کالا دھن سفید ہو گیا اور حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی الگ ہوئی۔ الیکشن کی مصروفیات کی وجہ سے کاروباری برادری سکیم کی ڈیڈ لائن میں توسیع سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکی اس لئے نئی حکومت اس میں توسیع کرے یا اس سے بہتر سکیم کا اعلان کیا جائے۔اندونیشیا کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں کی حکومت نے گزشتہ سال جو سکیم متعارف کروائی تھی اسکے تحت عوام نے 366 ارب ڈالر کے اثاثے طاہر کئے ۔چونکہ عمران خان کو ملک بھر میں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بھرپور اعتماد حاصل ہے اس لئے موجودہ سکیم میں توسیع یا نئی سکیم متعارف کروانے سے بھاری مقدار میں سرمایہ پاکستان منتقل ہو گا۔ کریم عزیز ملک نے کہا کہ غیر ملکی بینکوں میں پاکستانیوں کے ڈھائی سو ارب ڈالر سے زیادہ پڑے ہوئے ہیں جس کا تیسواں حصہ بھی اگر ملک میں آ گیا تو آئی ایم ایف سمیت کسی ملک یا ادارے سے قرضہ لینے کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی اورمعیشت اور روپیہ مستحکم ہو جائے گا۔

مزید : کامرس