عمران انکل ،نئے پاکستان میں امید ٹوٹنے نہ پائے
نئے پاکستان میں امید ٹوٹنے نہ پائے،26 جولائی کی شام پانچ بجے گھر پر ٹی وی چل رہا تھا، میں نے آپ کی پوری تقریر سنی، بڑی بڑی باتیں، بڑے لوگ سمجھیں، میں چھوٹی سی بچی ہوں، میں نے آپ کی تقریر سے چھوٹی سے بات تلاش کی ہے، دوسروں کے لئے چھوٹی ، لیکن میرے، اور مجھ جیسے چھ کروڑ سے زیادہ بچوں کے لئے ہیں،اور وہ نایاب چیز "امید " ہے۔
میں سیاست نہیں جانتی،بس اتنا جانتی ہوں، سیاست میں الزامات بہت ہوتے ہیں، لیکن میں نے یہ ضرور جانا، آپ نے قوم کو نئے پاکستان کا خواب دکھایا، امید کی کرن دکھائی ، پھر میں نے آپ کے بارے میں کچھ پڑھا، پی ٹی آئی کے بارے میں کچھ پڑھا، میں، اس نتیجے پر پہنچی،آپ نے قوم کو انصاف کی امید دلائی ہے، میں نے جانا، پاکستان میں، پاکستان سے باہر، ہر طرف، آپ کے سپورٹرز کو بھی آپ سے بہت سی امیدیں ہیں، پلیز، امید ٹوٹنے نہ پائے۔
آپ نے اپنی تقریر میں، امید دلانے کے علاوہ بھی بہت سی باتیں کیں، پتہ نہیں لوگوں نے اس پر غور کیا یا نہیں، لیکن میں نے ضرور غور کیا، اور میں نے جانا، آپ نے اپنے سیاسی مخالفین کو معاف کیا، مجھے بہت اچھا لگا، میری طرح، لاکھوں کروڑوں لوگوں کو اچھا لگا ہو گا،
میری امی کہتی ہیں، کسی کا دل آپ کی باتوں سے دکھا ہو، توآپ بھی سوری کر لیتے، مگر پھر بھی، ہم خوش ہیں، آپ نے دوسروں کو تو معاف کرنے کی روایت ڈالی، ورنہ ، یہاں تو انتقام لینے کی روایت ہے، اور جانے کب سے ہے
جس طرح ہر طرف لوگ فرسٹیشن کا شکار ہیں، پلیز ، آپ اپنے فالورز، اور تمام لوگوں کو نصیحت کریں، وہ معاف کرنا سیکھیں، آپ کی بات پر وہ عمل کریں گے، اس ملک کے بچے، نوجوان، چاہتے ہیں،وہ دوسروں کو معاف کریں، انہیں بھی معاف کیا جائے ،
انکل،
آپ نے کہا، بھارت تعلقات اچھے ہوں، تجارت ہو، غربت ختم ہو، اس ملک کی ینگ جنریشن بھی چاہتی ہے، حکومتیں لڑائی ختم کریں، حالات اچھے ہوں ، جاب ملے، پیسے آئیں، تو گھر میں چار پیسے آئیں گے، بچوں کو اسکول جانے کی امید پیدا ہو گی، وہ بچے بھی پڑھ لکھ کر کل اچھے شہری بنیں گے۔ اْن کا مستقبل بھی روشن ہو گا،
انکل،
آپ نے کہا کرپشن نہیں ہو گی،ہم بچے بھی یہی چاہتے ہیں، کرپشن سے پاک پاکستان ، دیکھیں ناں، کرپشن نہ ہوتی تو لندن میں ایون فیلڈ فلیٹس کے باہرپاکستان کا تماشہ نہ لگتا اور دنیا نہ دیکھتی کہ پاکستان میں کیسے لوگ ہیں،
انکل،
آپ نے کہا، سب کو کام ملے گا۔تعلیم ملے گی، پینے کا صاف پانی ملے گا،آپ نے امید کی کرن دکھائی ہے، پلیز امیدٹوٹنے نہ پائے۔
انکل
پلیز، ایسے قوانین بنائیں کہ، جہاں بچوں کے ساتھ ظلم و ستم نہ ہو، خصوصی طور پر بچیوں کے حقو ق کا تحفظ ہو۔ ایسا معاشرہ بنائیں، جہاں سوات میں ملالہ جیسی قوم کی بیٹیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی خواہش پر کوئی گولی نہ مارے ایسا معاشرہ، جہاں قصور کی زینب اور اس جیسی کئی معصوم کلیاں کسی کی درندگی کا نشانہ نہ بنیں ،
انکل
آپ پورے پاکستان کے کروڑوں لوگوں کے لئے امید کی کرن ہیں،آپ نے پہلی بار نوجوانوں کو امید دی،پلیز، امید کی یہ کرن، کبھی بجھنے نہ دیں بلکہ ایسے مزید دیئے جلائیں کہ ہر گھر میں روشنی ہو جائے۔