خواتین کی پرامن ووٹ کاسٹنگ پر ڈی پی او بھکر کو آئی جی کی مبارکباد

خواتین کی پرامن ووٹ کاسٹنگ پر ڈی پی او بھکر کو آئی جی کی مبارکباد

لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے بھکر کے دور افتادہ پولنگ سٹیشن مانجھڑ ، جنڈانوالہ تحصیل کلورکوٹ میں خواتین کے بلا خوف خطر پُرامن ماحول میں ووٹ کاسٹ کرنے کو یقینی بنانے پر ڈی پی او بھکر خرم شکور اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ NA97اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ PP89واقع جنڈانوالہ، تحصیل کلورکوٹ ضلع بھکر کے مانجھڑ پولنگ اسٹیشن پر 1997کے جنرل الیکشن میں دو مخالف گروپوں میں تصادم کے دوران خواتین کو نشانہ بنائے جانے کے بعد مقامی عمائدین نے خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے منع کردیا تھا جس کے بعد 2002 ،2008 اور 2013 میں ہونے والے تمام انتخابات میں خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا تھا جس پر ڈی پی او بھکر خرم شکور نے SDPOکلور کوٹ محمد طاہر اور SHOجنڈانوالہ انسپکٹر محمد شمشیرکو مقامی عمائدین کے ساتھ بات چیت کرنے کے لئے ہدایت کی۔ پولیس ٹیم نے کامیاب مذاکرات کے بعد عمائدین کو خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر قائل کرلیا جس کے بعد 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں جنڈانوالہ مانجھڑ ضلع بھکر کی خواتین نے 21برس بعد دوبارہ اپنا حق رائے دہی محفوظ ماحول میں بلا خوف و خطراستعمال کیا ۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایمانداری و جانفشانی سے پیشہ ورانہ فرائض ادا کر نے والے افسران و اہلکار محکمے کا قابل فخر سرمایہ ہیں چنانچہ مستقبل میں بھی پولیس افسران واہلکارحب الوطنی اور خدمت کے جذبے سے فرائض سر انجام دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں فورس کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پولیس دربار منعقد کئے جائیں اور الیکشن سیکیورٹی اور پٹرولنگ ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کو تعریفی سرٹیفیکیٹس دئیے جائیں۔

مزید : علاقائی