عمرا خان سعودی سفیر کی ملاقات الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

عمرا خان سعودی سفیر کی ملاقات الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و متوقع وزیراعظم عمران خان سے سعودی سفیر کی ملاقات، سعودی فرمانروا کی جانب سے الیکشن میں جیت پر مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔گزشتہ روز جمعہ کو سعودی سفیر نواف سعید بن المالکی نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور سعودی فرمانروا کی جانب سے مبارکباد اور تہنیتی کا پیغام پہنچایا ۔اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا اور ان کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات و جذبات کا اظہارکیا گیا اسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے ، سعودی ولی عہد کے اس دورے سے پاکستان کیساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالی جائے گی۔سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہم محبت ، دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہیں ، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام میں جذباتی قربت اور وابستگی ہے ،سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور متحرک سفارتی تعلقات کو مزید تقویت دی جائے گی۔تہنیتی پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف نے سعودی سفیر کا خیر مقدم کیا اور فرمانروا کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک اور پاکستان کا بااعتما دوست ہے ،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاک سعودی تعلقات کو ایک نئی جہت سے ہمکنار کرے گی ۔سعودی عرب کو ہماری خارجہ پالیسی میں خاص مقام حاصل ہے ۔عمران خان سے سعودی سفیر کی ہونے والی اس ملاقات میں جہانگیر خان ترین ، فواد حسین چوہدری ،نعیم الحق سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی شریک تھے ۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول