عام انتخابات کے بعدسٹاک مارکیٹ میں تیزی،ڈالرکی قدرکم ہونے کا امکان

عام انتخابات کے بعدسٹاک مارکیٹ میں تیزی،ڈالرکی قدرکم ہونے کا امکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (اسد اقبال)ملک میں عام انتخابات پر امن طور پر مکمل ہوتے ہی قومی معیشت میں استحکام آنا شروع ہو گیا ،ڈالر کو لگے پر کٹتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ سٹاک مارکیٹ میں چھائی مندی میں بھی بہتری کا رجحان جاری ہے دوسری طرف بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کا گراف بھی نیچے آنا شروع ہو گیا ہے جس کو پاکستان کے اقتصادی امور کے ماہرین ،صنعتکار وتاجر تنظیموں اور سر مایہ کاروں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے س امید کا اظہار کیا ہے قوم کے بنیادی مسائل حل کر کے ملک کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنایا جا ئے گا تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک انصاف کا تھنک ٹینک عوام سے کیے وعدوں کی پاسداری اور ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنا نے کیلیے ناقص معاشی پالیسیوں میں اصلاحات لا کر بھنور میں پھنسی معیشت کو ترقی کی سطح پر لانے کیلیے تھنک ٹینک اقدامات اٹھائے ۔عام انتخابات اور سیاسی افق پر محاز آرائی ختم ہونے سے گزشتہ روزپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی رہی اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس697.29پوائنٹس اضافے سے42786.54پوائنٹس پر بند ہواجس سے سرمایہ کاری مالیت میں95 ارب44 کروڑ65لاکھ86ہزار 927روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر86کھرب90 ارب54 کروڑ92 لاکھ57ہزار361 روپے ہوگئی ۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی آنے سے پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید میں2روپے اورقیمت فروخت میں1.50روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید129.00روپے سے گھٹ کر127.00روپے اورقیمت فروخت129.30روپے سے گھٹ کر127.80روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں8ڈالرکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں فی اونس سونے قیمت1228ڈالرسے گھٹ کر1220دالر ہوگئی۔اقتصادی امور کے ماہرین ڈاکٹر سلمان شاہ ،تیمور علی ملک ، لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید ، پیاف کے وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم اور ویمن چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر فائزہ امجد کا کہنا ہے کہ پرامن ماحول میں منعقد ہونے والے انتخابات سے پاکستان سٹاک مارکیٹ پر مثبت اثرات جبکہ کرنسی مارکیٹ میں اعتماد کی فضا پیدا ہوئی ہے اور لوگوں نے محدود پیمانے پر کرنسی مارکیٹ کا رخ کرتے ہوئے سر مایہ کاری شروع کر دی ہے اب نو منتخب حکومت کو بھی نئی معاشی پالیسیاں ترتیب دے کر ملک کو معاشی بھنور سے نکالنا چاہیے۔مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی رسد کے مقابلے میں طلب انتہائی محدود ہوگئی جس سے امکان ہے کہ آئندہ ہفتے ڈالر کی قدرمیں مزید کمی آئے گی۔
سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ اول -