بنی گالہ مستقبل کے وزیراعظم کیلئے سکیورٹی رسک قرار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد پولیس نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کو مستقبل کے وزیراعظم کیلئے سکیورٹی رسک قرار دیدیا ۔پی ٹی آئی کپتان کی رہائش گاہ کے حفاظتی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ ڈی آئی جی سکیورٹی اور ایس پی سٹی نے دورے کے بعد کیا۔ بنی گالہ کی قریبی پہاڑیوں پر پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی رہائشگاہ جانے والے راستے پر بھی اضافی پولیس نفری لگانے کیساتھ ساتھ واک تھرو گیٹس بھی نصب کر دئیے اور گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
بنی گالہ/ سکیورٹی رسک
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر))متوقع وزیراعظم ا ور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سکیورٹی وی وی آئی پی میں تبدیل کرنے کیلئے چیف کمشنر کی بنی گالہ حکام سے ملاقات ،واک تھرو گیٹ ، میٹل ڈیٹکٹر اہلکاروں کی تعداد اورایس پی کی نگرانی میں سکیورٹی مہیا کرنیکی منظوری دیدی ، رینجرز ، ایف سی و دیگر سکیورٹی معمول کے مطابق رہے گی۔جمعہ کے روز چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت ڈی آئی جی پولیس متوقع وزیر اعظم عمران خان کی سکیورٹی کے حوالے سے بنی گالہ پہنچے جہاں انہوں نے پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق سے ملاقات کی جس میں چیئرمین تحریک انصاف کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا اور نعیم الحق کو عمران خان کی سکیورٹی خدشات سے بھی آگاہ کیا گیا اس کے علاوہ متوقع وزیر اعظم کی سکیورٹی کے ایس او پیز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔