کامیاب امیدوار 10روز میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروائیں

کامیاب امیدوار 10روز میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروائیں

لاہور (ا ین این آئی) عام انتخابات میں کامیاب ہونیوالے امیدوار 10روز کے اندر اندر انتخابی مہم کے اخراجات کی تفصیلات جمع کروائیں گے ، الیکشن کمیشن تفصیلات موصول ہونے کی مدت کے خاتمے پر پانچ اگست 2018ء کے بعد امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔قوانین کے تحت اس دوران آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے تین دن کے اندر اندر وہ کسی نہ کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے بارے میں فیصلہ کر لیں۔اسی دوران قومی اسمبلی میں مجموعی نشستوں کی تناسب سے سیاسی جماعتوں کی مخصوص نشستوں پر خواتین اور اقلیتی اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔قومی اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد 60میں سے جن میں سے 33پنجاب، 14سندھ، 9خیبر پختونخوا اور چار بلوچستان کی خواتین کے لیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے جو کوٹہ مقرر کیا گیا ہے اس کے مطابق ساڑھے چار جنرل نشستوں کے بدلے کسی بھی جماعت کو خواتین کی ایک نشست الاٹ کی جائے گی۔

مزید : صفحہ آخر