فارم 45 کیا ہے؟

فارم 45 کیا ہے؟
فارم 45 کیا ہے؟

  

آخر فارم 45 ہے کیا ؟ملک بھر میں پولنگ کے عمل کے اختتام کے ساتھ ہی زیادہ تر سیاسی جماعتیں بشمول پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے احتجاج کیا گیا کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو فارم نمبر 45 نہیں دیا گیا۔واضح رہے کہ فارم نمبر 45 انتخابی عمل کے بعد جاری ہونے والی سب سے اہم دستاویز ہے۔فارم 45 جو اس سے قبل فارم 14 کے نام سے جانا جاتا تھا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق یہ فارم کسی بھی پولنگ اسٹیشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا سرکاری اعلان ہوتا ہے۔اس فارم میں متعلقہ حلقے میں تمام امیدواروں کو ڈالے گئے کل ووٹوں اور مسترد ہونے والے بیلٹ پیپر کا اندراج ہوتا ہے۔اس کے ساتھ اس میں ہر پولنگ بوتھ سے مرد اور خواتین ووٹرز کے ڈالے گئے ووٹوں کے علیحدہ علیحدہ اعداد وشمار درج ہوتے ہیں۔اعداد و شمار کے یہ نتائج پولنگ اسٹیشنز پو موجود امیدواروں اور ان کے پولنگ ایجنٹس کو فراہم کیے جاتے ہیں۔اس فارم پر پریزائڈنگ آفیسر، اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسر اور موقع پر اگر کوئی مبصر موجود ہو تو اس کے اور پولنگ ایجنٹس کے دستخط ہوتے ہیں۔تاہم اگر کوئی شخص اس پردستخط کرنے سے انکار کردے تو پریزائڈنگ آفیسر اس پر نوٹ لکھنے کا مجاز ہے۔جس کے بعد پولنگ اسٹیشن کے نتائج کی نقول پر پریزائڈنگ افسر کی مہر اور انگوٹھے کا نشان، کسی سینئر پریزائڈنگ افسر کے دستخط کے بعد اسے امیدوار یا وہاں موجود ان کے ایجنٹس کو فراہم کیا جاتا ہے۔حالیہ انتخابات میں اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے پریزائڈنگ افسر مذکورہ فارم کا اسکرین شارٹ کھینچ کر رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم پر اپلوڈ کرناتھا جو ایک اینڈرائیڈ اپلیکیشن ہے جسے آج کے جدید تقاضوں کے تحت الیکشن افسران کی جانب سے ای سی پی کو نتائج فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔واضح رہے کہ پریزائڈنگ افسر کی ذمہ داری ہے کہ انٹرنیٹ کی موجودگی میں فارم 45 کا اسکرین شاٹ فوری طور پر ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن کو فراہم کرے اس سے قبل کہ اصل دستاویزات ارسال کی جاسکے۔خیال رہے کہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا سافٹ ویئر تمام پریزائڈنگ افسر کے سمارٹ فون میں انسٹال کیا گیا تا کہ وہ انتخابی نتائج پر مشتمل فارم 45 کی تصویر فوری طور پر الیکشن کمیشن کو بھیج سکیں۔تاہم جن پولنگ افسران کے پاس اسمارٹ فون میسر نہیں تھے ان کے اسٹاف کے دیگر اراکین کے سمارٹ فون میں مذکورہ سافٹ ویئر ڈالا گیا تھا۔ دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک پھر پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور کہا گیا کہ اب دنیا نے عوام کی پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے محبت اور احترام دیکھ لیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس لیے مضبوط ہیں کیونکہ عوام کی غیر متزلزل حمایت حاصل ہے اور ہماری زندگیاں پاکستان اور یہاں کے عوام کے لیے قربان ہیں۔

Back to Conversion To

مزید : رائے /کالم