شکست خوردہ امیدواروں کا ایکا، دوبارہ گنتی کی در خواستیں دائر

شکست خوردہ امیدواروں کا ایکا، دوبارہ گنتی کی در خواستیں دائر

ملتان‘ وہاڑی‘ خانیوال‘ کوٹ ادو‘ گڑھ مہاراجہ ؟وقائع نگار‘ نیوز رپورٹر‘ نمائندگان) عام انتخابات میں شکست کھانے والے مختلف امیدواروں نے دوبارہ گنتی کی درخواستیں دے دی ہیں جس پر ریٹرننگ افسران نے متعلقہ حلقوں کے امیدواروں کو آج طلب کرلیا ہے جبکہ ملتان سے شیخ طارق رشید کی(بقیہ نمبر42صفحہ7پر )

درخواست مسترد کردی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ملتان سے وقائع نگار کے مطابق ملتان میں دوبارہ گنتی کی درخواستوں پرعلی موسیٰ گیلانی اورعبدالقادرگیلانی کی درخواست پرآج دوبارہ گنتی ہوگی جبکہ شیخ طارق رشیدکی درخواست خارج کر دی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق حلقہ این اے 157 ملتان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوارسیدعلی موسیٰ گیلانی نے ریٹرننگ آفیسرکودرخواست دی تھی کہ اس حلقہ سے مخدوم زین حسین قریشی کوکامیاب امیدوارقراردیاگیاہے جس نے77 ہزاور731 ووٹ حاصل کئے ہیں اور درخواست گزارکے70 ہزار830 ووٹ ہیں اورووٹوں کافرق 10 ہزارسے کم ہے اور الیکشن رولزکے تحت دوبارہ گنتی کی جاسکتی ہے۔جس پر فاضل عدالت نے درخواست منظورکرتے ہوئے مذکورہ حلقہ سے انتخاب میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کوآج صبح 9 بجے پیش ہونے کاحکم دیاہے جن کی موجودگی میں گنتی کی جائیگی۔اس طرح حلقہ این اے154 ملتان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید عبدالقادرگیلانی نے بھی اپنے حلقہ میں دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دائرکی تھی جس پر فاضل ریٹرننگ آفیسرنے پاکستان تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار ملک احمد حسین ڈیہڑ کو پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کیا ہے کہ اگر وہ اس درخواست پرکوئی اعتراض رکھتے ہیں تو خود یا اپنے ایجنٹ کے ذریعے پیش ہوں۔ بعدازاں فاضل عدالت نے درخواست پرسماعت کے بعدآج دوبارہ گنتی کرنے کیلئے اس حلقہ کے تمام امیدواروں کو آج طلب کرلیا ہے۔ دریں اثناء حلقہ این اے 155 ملتان سے مسلم لیگ(ن)کے امیدوار شیخ طارق رشید نے درخواست دائرکی تھی کہ ا ن کے حلقہ میں درست طور پرگنتی نہیں کی گئی ہے اس لئے دوبارہ گنتی کی جائے جس پرکامیاب امیدوار پاکستان تحریک انصاف کے ملک عامرڈوگرکوطلب کیاگیا جنہوں نے اعتراض عائدکیاکہ قانون کے مطابق 10 ہزارسے کم ووٹوں کے فرق پر دوبارہ گنتی کی جاسکتی ہے لیکن فرق ووٹوں کاکہیں زیادہ ہے اس لئے درخواست خارج کی جائے جس پر درخواست خارج کردی گئی ہے۔ وہاڑی سے بیورورپورٹ‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق امیدوار مسلم لیگ ن پی پی 232بلال اکبر بھٹی کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر پی پی 232 میاں شاہد جا وید نے مسترد کر دی‘ میاں شاہد جاوید نے کہا کہ رزلٹ مکمل ہو چکا ہے اب دوبارہ گنتی کروانا میرے دائرہ کار میں نہیں ہے تاہم مسترد شدہ ووٹوں کی تصدیق یا گنتی دوبارہ ممکن ہے اور فارم 45 یا 47 بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ(ن) کی مرکزی رہنما امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 164تہمینہ دولتانہ نے بیلٹ پیپر ز کی دوبارہ گنتی کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کو درخواست دے دی جس پر ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے درخواست کو مسترد کر تے ہوئے موقف اپنا یا کہ بیلٹ پیپرز کھولنا میرے دائرہ اختیار میں نہیں ہے البتہ صرف فارم 45-47دکھا سکتا ہوں یا مسترد شدہ ووٹوں کی تصدیق کروا سکتاہوں۔ خانیوال سے نمائندہ پاکستان کے مطابق الیکشن 2018 کے غیر حتمی نتائج پر امید واروں نے دوبارہ گنتی کے لیے ڈی آر او خانیوال اور میاں چنوں کو درخواست گزار دی ۔ درخواست گزراوں میں این اے 151 سے سردار احمد یار ہراج اور پی پی 207 عامر حیات ہراج اور شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 کے غیر سرکاری نتائج امید واروں نے اعتماد کا اظہار نہ کرتے ہوئے DRO کو دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی ۔ جس پر DRO نے دوبارہ گنتی کاآرڈر جاری کر دیا ۔ کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر کے مطابق صوبائی حلقہ پی پی 268 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سے ہارنے والے آزاد امیدوار رانا ورنگزیب نے ریٹرننگ افیسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی، ریٹرننگ افیسر نے حلقہ کے تمام امیدواروں کا آج طلب کر لیا،اس بارے تفصیل کے مطابق صوبائی حلقہ پی پی 268 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سے ہارنے والے آزاد امیدوار رانا ورنگزیب نے ریٹرننگ افیسر سینئر سول جج شیر باز خان کو دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی ہے ،جس پر ریٹرننگ افیسر نے جیتنے والے امیدوار ملک غلام قاسم ہنجراء سمیت اس حلقہ سے الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو آج11بجے عدالت طلب کر لیا ہے،واضح رہے کہ پی پی 268 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار قاسم ہنجرا 1181 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے۔ گڑھ مہاراجہ سے نامہ نگارکے مطابق حلقہ این اے 114میں نتائج پر تحفظات کا اظہار ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست تفصیلات کے مطابق حلقہ این 114میں پی پی پی کے امیدوار فیصل صالح حیات نے مسترد شدہ ووٹوں کے خلاف دوبار ووٹوں کی گنتی کیلئے آر او کو درخواست دے دی جس پر آر او نے آج بروز ہفتہ صبح دس بجے دوبار گنتی کا وقت دے دیا ہے۔

دوبارہ گنتی

مزید : ملتان صفحہ آخر