میرے حلقے کے علاوہ انتخابات شفاف ہوئے ،اشرف قریشی

میرے حلقے کے علاوہ انتخابات شفاف ہوئے ،اشرف قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ 253 سے امیدوار اشرف قریشی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں پر امن طریقے سے انتخابات ہوئے مگر سندھ میں موجود کچھ قوتوں نے این اے 253 اور 255 کے نتائج سے کھلواڑ کیا ۔ ہم نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دائر کر دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آر او نے اگر ہمارے تحفظات کو دور نہ کیا تو ہم ان نتائج کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین کو ڈھائی بجے تک پولنگ اسٹیشنز کے اندر بند رکھا گیا ۔ ہمیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ فارم 45 کے تحت ہمیں جو نتائج ملے ، وہ نتائج ہمارے حق میں تھے ۔ مگر رات کو ایک دم ہی نتائج کو تبدیل کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ رزلٹ بناتے ہوئے پریزائیڈنگ افسر کا کردار مشکوک ہے ۔ جیت کو ہار میں تبدیل کیا گیا ۔ اگر آر او نے ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا تو ہم ان نتائج کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔