نگران حکومت نے پر امن انتخابات کر کے اپنی آئینی ذمہ اری پوری کی : دوست محمد خان

نگران حکومت نے پر امن انتخابات کر کے اپنی آئینی ذمہ اری پوری کی : دوست محمد ...

پشاور(این این آئی)نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ اُس کی حکومت نے صوبے میں پر امن اور کامیاب انتخابات کو احسن طریقے سے انجام دے کر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی۔ انتظامی اور سکیورٹی سطح پر بھر پور اقدامات کئے گئے۔ ان اقدامات پر اعتماد کرتے ہوئے عوام نے گھروں سے نکل کر پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبائی وزراء سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں الیکشن کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اُنہوں نے انتظامی سیکرٹریوں اور مسلح افواج کا صوبے میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ کامیاب اور پرامن انتخابات کے انعقاد کا کریڈٹ تما م سٹیک ہولڈرز کو جاتا ہے جنہوں نے انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے پورے انتخابی عمل میں خلوص اور لگن سے کام کیا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں پرامن الیکشن کے انعقاد کی ذمہ داری ایک مشکل اور چیلنجگ کام تھا یہ اس لئے بھی مشکل تھا کہ دہشت گرد حملوں کے خطرات اور امن و امان کی صورتحال اور دیگر سکیورٹی اور انتظامی مسائل تھے لیکن ان ساری مشکلات کے باوجود ہم نے پرامن انتخابات کے عمل کو کامیابی سے ممکن بنایا ۔ اُنہوں نے کہاکہ میں بیرونی دشمن اور پاکستانی سیاست کے تناظر میں سیاسی قوتوں اور اُمیدواروں کے درمیان چپقلش اور جھگڑوں سے بخوبی آگاہ تھا اس لئے ان سیاسی حالات کے تناظر میں انتخابات کو پرامن اور نارمل بنانے کیلئے مناسب اقدامات اُٹھائے ۔پہلے ہی دن سے صوبے میں کامیاب اورپر امن الیکشن کے کامیاب انعقاد کیلئے انتظامی اور سکیورٹی کے اقدامات پر بھر پورتوجہ دی ۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں صوبے میں الیکشن کو کریڈیبل بنانے اور اس سارے عمل پرہر کسی کا اعتماد بحال کرنے کیلئے کئی اقدامات اُٹھانے پڑے۔ اُنہوں نے تمام لوگوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے ایسی حکمت عملی اپنائی جہاں وہ محفوظ اور آزاد ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

دوست محمدخان

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر