عمران خان کے وزیراعظم بنتے ہی چین نے پاکستان پر ڈالروں کی بارش کا اعلان کر دیا، فوری طور پر کتنے ارب ڈالر دے گا؟ جان کر آپ کی خوشی کی حد نہ رہے گی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چین پہلے ہی پاکستان میں اربوں ڈالر کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور اب عمران خان کے وزیراعظم بنتے ہی اس کی طرف سے پاکستان پر ڈالروں کی مزید بارش کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کو مزید 2ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا جس سے پاکستان کے ختم ہوتے فارن کرنسی کے ذخائر میں بہتری آئے گی اور عمران خان کی نئی حکومت قدرے اطمینان کے ساتھ شروعات کر سکے گی۔
وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ”ان دو ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر پہلے ہی سٹیٹ بینک کے اکاﺅنٹس میں آ چکے ہیں اور 2اگست کو بینک کی طرف سے جو ڈیٹا جاری کیا جائے گا اس میں یہ موجود ہوں گے۔چین کی طرف سے یہ رقم ملنے کے بعد ہمارے فارن کرنسی کے ذخائر 10ارب ڈالر سے زائد ہو جائیں گے۔“ واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں سٹیٹ بینک کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے فارن کرنسی ذخائر 9ارب ڈالر سے نیچے چلے گئے ہیں۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے متوقع وزیرخزانہ اسد عمر نئے قرضے حاصل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے ایکسپریس ٹربیون سے گفتگو میں کہہ چکے ہیں کہ ”پاکستان کا معاشی بحران اس قدر سنگین ہے کہ اس کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے پڑیں گے اور آئی ایم ایف سمیت کسی بھی آپشن کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔“