الیکشن میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کو وہ خوشخبری مل گئی جس کا شدت سے انتظار تھا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عام انتخابات میں تحریک انصاف کو برتری تو حاصل ہو گئی تھی تاہم اس کے پاس اتنی نشستیں نہیں تھیں کہ تنِ تنہا حکومت بنا سکے۔ تاہم اب انتخابات کے دو دن بعد تحریک انصاف کو بڑی خوشخبری مل گئی ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے وفاق میں کافی نشستیں حاصل ہو گئی ہیں اور وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔ پارٹی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ انہیں کافی عددی برتری چھوٹی سیاسی جماعتوں کی نشستیں ملا کر حاصل ہوئی ہے، جن کے ساتھ اتحاد سے وہ وفاق میں حکومت بنائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف اب تک قومی اسمبلی کی 272نشستوں میں سے اب تک 115جیت چکی ہے۔تاہم حکومت بنانے کے لیے 137نشستیں حاصل کرنا لازمی ہے۔ یہ لازمی عدد حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی نے کئی چھوٹی جماعتوں سے رابطہ کیا اور اس کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ وفاق میں پی ٹی آئی سے اتحاد کرنے والی جماعتوں کو کابینہ میں ان کا مناسب حصہ دیا جائے گا۔ جہانگیرخان ترین نے اس سلسلے میں ایم کیوایم کی قیادت سے بھی رابطہ کیا جس میں ایم کیو ایم کے قائدین نے وفاق میں اتحاد پر مزید گفت و شنید کے لیے ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔پارٹی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ وفاق میں عددی برتری حاصل کرنے کے بعد اب وہ اپنی تمام تر توانائیاں پنجاب اسمبلی میں حکومت بنانے پر صرف کررہے ہیں اور آزاد حیثیت میں جیتنے والے امیدواروں سے رابطوں میں ہیں۔