وہ معروف سیاستدان جو پہلی مرتبہ قومی اسمبلی پہنچے، رانا ثناءاللہ اور بلاول سمیت ایسے نام کہ آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )عام انتخابات میں جہاں اسفند یار ولی ، فاروق ستار ، سراج الحق ، جیسے برج الٹ گئے ہیں وہیں کچھ ایسے سیاستدان بھی ہیں جو پہلی مرتبہ قومی اسمبلی میں بطور ممبر داخل ہو ں گے ۔
ان میں سب سے پہلا نام بلاول بھٹو زرداری کا ہے ،جو کہ تین حلقوں سے انتخاب میں آئے اور این اے 200 لاڑکانہ سے آبائی نشست پر کامیابی حاصل کی تاہم وہ کراچی کے حلقہ این اے 246 اور مالا کنڈ این اے 8 سے ہار گئے ۔بلاول نے لاڑکانہ سے 84 ہزار 426 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تاہم ایم ایم اے کے امیدوار راشد محمود سومرو 50 ہزار 200 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
ن لیگی رہنما رانا ثنااللہ بھی ان رہنماﺅں میں شامل ہیں جو کہ قومی اسمبلی کے پہلی مرتبہ ممبر منتخب ہوئے ہیں ، یہ سابق صوبائی وزیر قانون بھی رہ چکے ہیں ۔انہوں نے این اے 106 فیصل آباد سے انتخاب میں حصہ لیا اور 1 لاکھ چھ ہزار 319 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے جبکہ پی ٹی آئی کے نثار احمد ایک لاکھ تین ہزار 799 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی بھی پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے ہیں ،علی زیدی عمران خان کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں جبکہ وہ پارٹی کے وائس پریذیڈنٹ بھی ہیں علی زیدی نے کراچی کے حلقہ این اے 244 سے کامیابی حاصل کی جبکہ مفتاح اسماعیل کوشکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
آخر کر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری قومی اسمبلی میں پہنچ ہی گئی ہیں ، انہوں نے 2016 میں پی ٹی آئی شمولیت اختیار کی اور 2018 میں قومی اسمبلی میں داخل ہو گئے ۔انہوں نے این اے 67 جہلم سے 93 ہزار 102 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی جبکہ ن لیگ کے راجہ مطلوب مہدی 82 ہزار 475 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔
پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن بننے کے زیادہ امیدواروں کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور اس فہرست میں کراچی کے فیصل واوڈا بھی شامل ہیں جو کہ این اے 249 میں شہبازشریف کو شکست دے کر قومی اسمبلی میں داخل ہو گئے ہیں ۔
علی امین گنڈا پور بھی ان افراد کی فہرست میں شامل ہیں ، پی ٹی آئی رہنما جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شکست دے کر این اے 38 سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہو گئے ہیں ۔