ایمنسٹی سکیم میں توسیع نہیں ہوگی،آئی ایم ایف بیل آوٹ پیکیج کے سوا کوئی آپشن نہیں: اسد عمر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب ممبر قومی اسمبلی اور متوقع وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے بیل آوٹ پیکیج کے سوا کوئی آپشن نہیں ،ایمنسٹی سکیم میں توسیع نہیں ہوگی جبکہ تحریک انصاف پہلے ہی اس سکیم کے خلاف ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم میں ڈیڑھ ماہ میں صرف 6سے 7 کروڑ ڈالرسے زیادہ زرمبادلہ نہیں ملا جبکہ پاکستان کو ماہانہ 2 ارب ڈالر خسارے کا سامنا ہے، ایمنسٹی سکیم سے ڈیڑھ دن کا خسارہ بھی پورا نہیں ہواجبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 9ارب ڈالر کے ہیں ،7 ارب ڈالر کا پیشگی قرض بھی موجود ہے تاہم حقیقی زرمبادلہ کے ذخائر 2ارب ڈالر کے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ اقتصادی مشاورتی کونسل اوربزنس مشاورتی کونسل تشکیل دی جائے گی جو وزیراعظم کو رپورٹ کرے گی،عمران خان کی وکٹری سپیچ 90فیصد فی البدیہہ تھی ۔