کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا 

  کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کی صبح سویرے ہونے والی بارش سے موسم سہانا ہوگیا،شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے اور لوگوں نے ابرِرحمت برسنے پر خدا کا شکرادا کیا، تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں نے ڈیرے جما لیے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والے والی ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق  صدر، کلفٹن، ڈیفنس، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، پی ای سی ایچ ایس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش صدر کے علاقے میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جب کہ پہلوان گوٹھ، فیصل بیس اور مسرور بیس پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہفتہ کودرجہ حرارت29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد اور27کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی تھی۔ محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل کے دوران کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔پیر اورمنگل کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے، لہذا تمام متعلقہ اداروں کو پہلے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ڈائریکٹر میٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق اتوارکی صبح یا دوپہر راجھستان سے ہوا کا کم دباؤ سندھ میں داخل ہو سکتا ہے اور 30 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سسٹم کا رخ مغرب کی جانب رہا تو کراچی میں اچھی بارش ہو سکتی ہے، البتہ اس سسٹم نے اپنا ٹریک جنوب کی جانب کیا تو موسلا دھار بارش کے امکانات کم ہوں گے۔

مزید :

صفحہ اول -