پاکستان سٹیزن پورٹل پر اچھی کارکردگی میں وفاق سرفہرست،سندھ صرف 30فیصد شکایات حل کر سکا

پاکستان سٹیزن پورٹل پر اچھی کارکردگی میں وفاق سرفہرست،سندھ صرف 30فیصد شکایات ...

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کے شکایات کے حل میں وفاقی دارالحکومت نے 90 فیصد شکایات پر عملدرآمد کر کے پہلا نمبر حاصل کر لیا جبکہ خیبرپختونخوا نے 86، پنجاب میں 85، بلوچستان نے 74 اور سندھ کے صوبائی محکموں نے صرف 30 فیصد شکایات حل کیں۔ جس پر وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ کے چیف سیکرٹری کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ جن میں شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی دارالحکومت کے ادارے سرفہرست رہے۔ وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 3 لاکھ 64 ہزار شکایات حل کیں اور وفاقی اداروں کی طرف سے 90 فیصد شکایات حل کی گئی ہیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں 86، پنجاب نے 85، بلوچستان اور گلگت بلتستان نے 74 فیصد شکایات حل کی گئیں جبکہ شہریوں کی شکایات حل کرنے میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔ سندھ کے صوبائی محکمے صرف 30 فیصد شکایات حل کر سکے۔پاکستان بھر میں زیر التواء شکایات کی تعداد 37 ہزار 574 رہی۔ جن میں 32 ہزار زیر التواء شکایات صرف سندھ حکومت کی ہیں۔ سندھ میں وفاقی اداروں کی 84 فیصد شکایات حل کی گئیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں پولیس، پینے کے پانی اور نکاسی آب سے متعلق مختلف شکایات آئیں جن پر صوبائی محکموں کی طرف سے کان نہیں دھرا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں صوبائی محکموں کی کارکردگی پر مایوسی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ کے چیف سیکرٹری کو خط لکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی بنائی جانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 

پاکستان سٹیزن پورٹل

مزید : صفحہ اول


loading...