کراچی، بارش سے کئی علاقے جل تھل، سیلاب کا ہائی الرٹ جاری

کراچی، بارش سے کئی علاقے جل تھل، سیلاب کا ہائی الرٹ جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آن لائن این این آئی)کراچی میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب شروع ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ بارش کے بعد کئی علاقے جل تھل ہوگئے جبکہ محکمہ ٹائم انفارمیشن سینٹر نے بھی سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔ دوسری طرف سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ موسمیات نے بھی تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی کہا ہے کہ کے ایم سی سمیت تمام ڈی ایم سیز کے منتخب نمائندے اور افسران الرٹ اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صدر، کلفٹن، ڈیفنس، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، پی ای سی ایچ ایس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش صدر کے علاقے میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جب کہ پہلوان گوٹھ، فیصل بیس اور مسرور بیس پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کراچی کے علاقے صد، ٹاور، یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان میں تیز ہواﺅں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ مون سون بارشوں کی بھی پیش گوئی کر دی ہے۔ڈائریکٹر میٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق اتوارکی صبح یا دوپہر راجھستان سے ہوا کا کم دباﺅ سندھ میں داخل ہو سکتا ہے اور 30 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سسٹم کا رخ مغرب کی جانب رہا تو کراچی میں اچھی بارش ہو سکتی ہے، البتہ اس سسٹم نے اپنا ٹریک جنوب کی جانب کیا تو موسلا دھار بارش کے امکانات کم ہوں گے۔سردار سرفراز نے بتایا کہ راجستھان سے آنے والے سسٹم سے لگ رہا ہے کہ اچھی بارش ہو گی، بارش کا یہ سلسلہ 30 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔کے الیکٹرک نے بارش میںاحتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش میں شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، برقی آلات ننگے پاں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں۔ترجمان کے مطابق کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔
کراچی بارش

مزید :

صفحہ آخر -