مولاناعادل کی سربراہی میںوفاق المدارس کے وفد کی کمشنر کراچی سے ملاقات

مولاناعادل کی سربراہی میںوفاق المدارس کے وفد کی کمشنر کراچی سے ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاق المدارس العریبہ کے اعلی سطحی وفد کی مولانا ڈاکٹر عادل خان کی سربراہی میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی سے ملاقات ہوئی، جس میں چرم قربانی جمع کرنے کیلئے مدارس کو این او سی جاری کرنے کیلئے دو نکاتی فارمولہ طے ہوا۔ میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق ملاقات میں اس بات پہ اتفاق ہوا کہ جن مدارس کو گذشتہ سال اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا وہ اپنی سابقہ این او سی، سرکاری رجسٹریشن، اور سالانہ آڈٹ رپورٹ کی کاپی متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے پاس جمع کرا کر اجازت نامہ حاصل کرسکیں گے۔ میڈیا کوآرڈینیٹر کے مطابق کمشنر کراچی سے ملاقات میں اس بات پہ بھی اتفاق کیا گیا کہ جو مدارس اپنے متعلقہ ضلع کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی چرم قربانی جمع کرنا چاہتے ہیں اور ان کو گزشتہ سالوں میں کمشنر کراچی کی جانب سے این او سی جاری کیا گیا ہو تو وہ مدارس اس سابقہ اجازت نامہ کی کاپی بھی اپنے ضلع کے ڈی سی کے پاس جمع کراکر کراچی کے دیگر اضلاع میں چرم قربانی جمع کرنے کا اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔ مولانا ڈاکٹر عادل خان کی سربراہی میں کمشنر کراچی سے ہونے والی اس اہم ملاقات میں وفاق المدارس العربیہ کے رہنما مولانا ڈاکٹر سعید خان اسکندر، مولانا محمد ابراہیم سکرگاہی، قاری محمد اقبال، مولانا انس عادل اور مولانا سلیم الدین شامزئی بھی شامل تھے۔ 

مزید : صفحہ آخر


loading...