مون سون کے پیشِ نظر سوات میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 مکمل طور پر الرٹ

مون سون کے پیشِ نظر سوات میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 مکمل طور پر الرٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)سوات میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہونے کے ساتھ ہی ریسکیو 1122 بھی پوری طرح متحرک ہو گئی ہے اور اپنی معمول کی شہری ایمرجنسی خدمات کے علاؤہ بارشوں اور سیلاب سے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کے تدارک کیلئے بھی انتظامات کر لئے ہیں اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات اور محکمہ آبپاشی سے بھی قریبی رابطہ کار یقینی بنا دیا گیا ہے ہیڈکوارٹر سے موصولہ ہدایات کی روشنی میں ریسکیو سوات میں مون سون سیزن کے اختتام تک عملے و افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے ایمرجنسی خدمات کے ضمن میں قائمقام ڈپٹی کمشنر فؤاد خان اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرکے ان سے حاصل کردہ ہدایات اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا دیا ہے مینگورہ تا کالام دریائے سوات کے اطراف میں ریسکیو کے قائم کردہ تین زونز کو بھی متحرک و الرٹ کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کی بروقت مدد و رہنمائی کی جا سکے کالام ریسکیو سب سٹیشن کو الرٹ بنانے کے علاؤہ مینگورہ اور مٹہ مراکز میں غوطہ خوروں کی ٹیم کو بھی اپنی متعلقہ پوسٹوں پر 24 گھنٹے آن ڈیوٹی رہنے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حرکت میں آنے کی ہدایت کی گئی ہے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی واقعہ یا ناگہانی صورتحال میں اپنی پہچان ظاہر کرکے ضلعی انتظامیہ کے علاؤہ ریسکیو کے 1122 نمبر کو ڈائل کرکے فوری ریلیف حاصل کر سکتے ہیں واضح رہے کہ ریسکیو ٹیم کی کسی بھی جائے حادثہ پر پہنچنے کیلئے سات منٹ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے