لاہور، قصور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش، موسم خوشگوار،نشیبی علاقے زیرآب
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور، قصور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، پشاور اور کشمیر میں تیز بارش کا امکان ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ لیسکو کا سسٹم بھی بیٹھ گیا جس سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ قصور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی ابرم کرم برسا جس سے موسم تبدیل ہوگیا، شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، بعض علاقوں میں سڑکیں تالاب بن گئیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، ہزارہ، ڈی آئی خان، کوہاٹ، بنوں سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔