امریکا کی اقتصادی شرح نمو  میں دوسری سہ ماہی کے دوران کمی

  امریکا کی اقتصادی شرح نمو  میں دوسری سہ ماہی کے دوران کمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اے پی پی) امریکا کی اقتصادی شرح نمو میں رواں سال دوسری سہ ماہی کے دوران کمی ہوئی تاہم یہ اب بھی ٹھوس بنیادوں پر استوار ہے۔محکمہ تجارت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں سال اپریل سے جون کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو پہلی سہ ماہی کی نسبت کم ہوکر 2.1  فیصد کی سطح پر رہی تاہم یہ توقع سے پھر بھی بہتر رہی جس کی وجہ صارفین کی جانب سے خریداری میں اضافہ ہے،جن اشیاء کی خریداری زیادہ کی گئی ان میں گاڑیاں، خوراک اور کپڑے نمایاں ہیں، پہلی سہ ماہی کے دوران امریکی اقتصادی شرح نمو 3.1  فیصد رہی تھی۔


ماہرین نے دوسری سہ ماہی کے دوران امریکی اقتصادی شرح نمو 1.8  فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔یاد رہے کہ  امریکا کے مرکزی بینک کی جانب سے قرضوں پر سود کی شرح میں آئندہ ہفتے کمی کا قوی امکان ہے۔اس سے قبل دسمبر 2018 ء میں قرضوں پر سود کی شرح میں اضافہ کیا گیا تھا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلند شرح تبادلہ کا حامل ڈالر تجارتی مسابقت اور فروغ کے لیے بڑی رکاوٹ ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف مضبوط ڈالر دیکھنے میں اچھا نظر آتا ہے لیکن دوسری جانب یہ تجارتی مسابقت اور تجارتی سرگرمیوں میں  رکاوٹ ہے، تاہم انھوں نے زیادہ قابل قبول شرح تبادلہ کے لیے مداخلت کرنے کے امکان کو رد نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ کام دو سیکنڈ میں کرسکتا ہوں، یہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں کچھ نہیں کرنے کر رہا۔

مزید :

کامرس -