عمائمہ کی جانب سے مظالم کے الزامات پر شعمون عباسی حیران

عمائمہ کی جانب سے مظالم کے الزامات پر شعمون عباسی حیران

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ عمائمہ ملک کی جانب سے دوروزقبل ان کی شادی شدہ زندگی میں ان پر ہونے والے ظلم اور تشدد کے الزامات کے جواب میں ان کے سابق شوہر شمعون عباسی نے اپنا موقف بیان کیا ہے۔عمائمہ ملک کے الزامات کے جواب میں ان کے سابق شوہر شمعون عباسی نے فیس بک پر ردعمل دیتے ہوئے حیرانی کا اظہار کیا ہے، اور عمائمہ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں آج بھی اچھے دوست ہیں۔ شمعون عباسی نے اپنی طویل پوسٹ میں لکھا میں عمائمہ کے الزامات سن کر دنگ رہ گیا۔

میں اور عمائمہ طلاق کے باوجود آج بھی اچھے دوست ہیں۔
اور ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں۔شمعون عباسی نے لکھا عمائمہ آج پاکستان کی بڑی سٹار بن چکی ہیں اور میں ان کی کامیابیوں کو دیکھ کر ہمیشہ خوش ہوتا ہوں۔عمائمہ میری بیوی تھیں گرل فرینڈ نہیں لہٰذا میں نے ہمیشہ ان کی اور ان کی فیملی کی عزت کی ہے، لیکن عمائمہ کے الزامات کے بعد میں تشویش میں ہوں کیونکہ ہمیں ایک دوسرے سے راستے جدا کئے ہوئے 5 سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا۔ ہاں ہر شادی شدہ جوڑے کے کام، پیسے اور نام کمانے کے بارے میں الگ خیالات ہوتے ہیں۔ ہوسکتا ہے ہم دونوں نے کچھ چیزوں پر ایک دوسرے سے اتفاق نہ کیا ہو اورہم نے بہت سی باتوں پر بحث بھی کی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانا چاہتے تھے۔شمعون عباسی نے کہا میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ میں عمائمہ کے کیریئر کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوا لہذٰا میں نے اس کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی اور ہمیشہ امید کی کہ عمائمہ ایسے شخص سے شادی کرے جو اس کیلئے صحیح ہو۔میں اور عمائمہ 3 برسوں تک شادی کے بندھن میں بندھے رہے لیکن شاید ان کا دوسرا رشتہ ہمارے رشتے سے مختلف تھا، مجھے اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں لیکن میں خوش ہوں کہ ہم آج بھی خوشگوار ماحول میں بات چیت کرتے ہیں۔ کچھ ماہ پہلے عمائمہ نے مجھے فون پر ایک ساتھ کام کرنے کی پیشکش بھی کی تھی لیکن میں نے مصروفیت کے باعث اس پراجیکٹ کو اگلے سال پر ٹال دیا تھا۔شمعون عباسی نے کہا عمائمہ آج بھی میرے گھر والوں سے ملتی ہیں اس کے علاوہ کئی مواقعوں پر میں اور عمائمہ بالکل پرانے دوستوں کی طرح ملتے رہے۔ آخر میں میں عمائمہ اور ان کے گھر والوں کی کامیابی کیلئے دعاکرتاہوں اورامید کرتاہوں کہ عمائمہ کے بیان کے بعد ہمارے رشتے سے متعلق پیدا ہونے والی الجھن اب دور ہوجائے گی۔ ہم نے اس مقام تک پہنچنے کے لئے بہت محنت کی ہے جہاں ہم آج ہیں اور ہمیں اس مسئلے کو سمجھداری سے سلجھانے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ عمائمہ ملک نے شمعون عباسی سے 2010 میں شادی کی تھی لیکن یہ شادی زیادہ عرصہ تک برقرارنہ رہ سکی اور دوبرسوں بعد ہی دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

مزید :

کلچر -