سابق حکمرانوں نے ملک کادیوالیہ نکال دیا، ہمایوں اختر 

سابق حکمرانوں نے ملک کادیوالیہ نکال دیا، ہمایوں اختر 

لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی معیشت کیخلاف مہم جوئی کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ نکل گیا،اپوزیشن کی توجہ ”ملک بچاؤ“ نہیں بلکہ“لیڈر بچاؤ“ پر مرکوز ہے،اپنے مقاصد کیلئے میثاق معیشت کا ڈھنڈورا پیٹنے والے آج کہاں ہیں؟، امریکہ نے پاکستانیوں کے لئے سفری پابندی میں نرمی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے،حکومت کسی بھی سیکٹر کے ساتھ محاذ آرائی نہیں کر رہی بلکہ جو بھی مطالبات سامنے آرہے ہیں ان پر کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صنعتکاروں اورپارٹی رہنماؤں کے وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابق حکومت کی کاسمیٹیکس پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کی بنیاد یں اس قدر کھوکھلی ہو گئی تھیں کہ پاکستان کو معاشی طور پر اپنی بقاء کا خطرہ لا حق تھا۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی اقتصادی ٹیم نے غیر معمولی فیصلے کر کے حالت نزع میں گئی ہوئی معیشت کی سانسیں بحال کیں۔ گھمبیر حالات میں دوست ممالک کی جانب سے جس قدر تعاون دیا گیا ہے پاکستانی قوم ان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار نے معیشت کو توانا کیا تھا تو آج ملک سے فرار کیوں ہیں،واپس آ کر قوم کو بتائیں اوراگر وہ سچے ہوئے تو ہم ان کی تحسین کریں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دیکھا کہ عوام انہیں آئندہ انتخابات میں مسترد کر دیں گے تو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت معیشت کیخلاف مہم جوئی کر کے ملک کا دیوالیہ نکالا گیا۔

ہمایوں اختر

مزید : صفحہ آخر


loading...