ڈالر 6پیسے مہنگا،سٹاک ایکسچینج میں مندی برقرار،سرمایہ کاروں کے110ارب روپے ڈوب گئے

 ڈالر 6پیسے مہنگا،سٹاک ایکسچینج میں مندی برقرار،سرمایہ کاروں کے110ارب روپے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی)پاکستان سٹاک مارکیٹ گزشتہ ہفتے کاروباری اتار چڑھاؤ کا شکار ہونے کے بعد شدیدمندی کی لپیٹ میں رہی،کے ایس ای 100 انڈیکس 300سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس سے انڈیکس 32400پوائنٹس کی سطح سے کم ہو کر 32100 پوائنٹس پر بند ہوا،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں  کے110ارب روپے ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 65کھرب روپے سے گھٹ کر64کھرب روپے کی سطح پر آگیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے 2دن مندی رہی جس سے انڈیکس657.61پوائنٹس لوز کر گیا تاہم 3دن تیزی سے انڈیکس نے 302.11پوائنٹس ریکور کئے اس طرح اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر مندی کا ڈیرا رہا۔گذشتہ ہفتے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی،سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال،عالمی سست روی کے باعث پاکستانی معیشت کے متاثر ہونے اور سونے کی قیمت میں اضافے جیسی خبروں سے سرمایہ کاروں تذبذب کا شکار رہے اور انہوں نے نہ صرف مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا بلکہ منافع کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کو بھی ترجیح دی اسی سبب مارکیٹ گذشتہ ہفتے قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 355.50پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 32458.77پوائنٹس سے کم ہو کر32103.27پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 112.2پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 15395.59پوائنٹس سے کم ہو کر15283.39پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 23815.76پوائنٹس سے گھٹ کر23409.47پوائنٹس پر آگیا۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب10ارب68کروڑ76لاکھ 22ہزار295روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 65کھرب 75ارب25کروڑ17لاکھ24ہزار926روپے سے گھٹ کر64کھرب64ارب56کروڑ41لاکھ2ہزار631روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس32765.08پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر32031.37پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ3ارب روپے مالیت کے9کروڑ71لاکھ18ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم1ارب روپے مالیت کے4کروڑ47لاکھ2ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر1573کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے598کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،860میں کمی اور115کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دوسری طرف گزشتہ ہفتے کے دورا ن انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر بڑھ گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر سستا ہو گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر6پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 160.50روپے سے بڑھ کر160.60روپے اور قیمت فروخت 160.64روپے سے بڑھ کر160.70روپے ہو گئی۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں ہفتہ کو فی اونس سونے کی قیمت بڑھ گئی تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا سستا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولر ز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں 1ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا1420ڈالر کا ہو گیا تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 400روپے کی کمی سے84ہزار روپے اور دس گرام سونا344روپے کی کمی سے72ہزار16روپے کا ہو گیا۔ایسوسی ایشن کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 6ڈالر کی کمی واقع ہوئی تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں اسی مدت کے دوران ایک تولہ سونا100روپے مہنگا ہو گیا جبکہ دس گرام سونے کی قیمت میں 102روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹاک ایکسچینج

مزید :

صفحہ آخر -