کوئٹہ، سکھر،فیصل آباد ایئرپورٹ پر ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم نصب
کراچی(سٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مختلف ایئر پورٹس پر جدید نظام نصب کردیئے ہیں،جس کے ذریعے آنے والی پروازوں کے کپتان کو موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رکھا جاسکے گا۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ملک کے مختلف ایئرپورٹس کو جدید آلات سے آراستہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ سی اے اے نے تین ایئرپورٹس پر جدید ڈیجیٹل ایئرپورٹ ٹرمینل انفارمیشن سسٹم نصب کردیئے ہیں۔پہلے مرحلے میں کوئٹہ، سکھر، فیصل آباد ایئرپورٹ پر ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم نصب کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم موسم کی صورتحال سے کپتان کو 40سے60نارٹیکل مائل تک کی رہنمائی فراہم کرے گا، موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا ناہموار ہونا اور لینڈنگ کے دوران مسائل پیدا ہوتے تھے۔جدید سسٹم نصب کرنے کا مقصد مختلف ایئرپورٹس پرموسم کی صورتحال سے کپتانوں کو آگاہ رکھنا ہے، بوئنگ777اور دیگر طیاروں میں جدید سسٹم موجود ہوتا ہے جبکہ بعض طیاروں میں سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے کپتان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی جلد جدید سسٹم نصب کردیا جائے گا، ڈنمارک سے برآمد کیے گئے جدید سسٹم پر 3کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔
سسٹم نصب