عید کے پکوان!

عید کے پکوان!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ثابت ران
اشیاء
بکرے کی ران: ایک عدد
سرکہ:چائے کی ڈیڑھ پیالی
کالی مرچ: پندرہ گرام
ادرک: ایک چھٹانک
گھی: ڈیڑھ کلو
نمک: حسب ذائقہ
ترکیب:
ران کو اچھی طرح دھو لیں اور کانٹے سے خوب گوندھئے اور ادرک کو باریک پیس کر اس میں سیاہ مرچ اور نمک بھی ملا دیں۔ یہ تمام پسا ہوا مصالحہ سرکہ میں حل کر دیں۔ جب یہ سرکہ میں اچھی طرح حل ہو جائے تو سرکہ ران کے اوپر اچھی طرح مل دیں ایک گھنٹے تک اسے رکھا رہنے دیں۔ ایک کڑاہی یا کھلے منہ کے کسی برتن میں گھی ڈال کر ران ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر سرخ ہونے دیں۔ جب سرخ ہو جائے تو اس میں پانی ڈال کر گوشت لگا لیں۔ گلنے کے بعد اسے دوبارہ سرخ کریں اور نکال کر ثابت ران ٹرے میں سجا کر پیش کریں۔سلاد اور چٹنی کا اضافہ اس ڈش کو لذیذ بنا دے گا۔
تلی ہوئی بوٹیاں
اشیاء
بغیر ہڈی کا گوشت: ایک کلو
ادرک (پسا ہوا): ایک چائے کا چمچہ
لہسن (پسا ہوا): ایک چائے کا چمچہ
گھی: ایک چائے کا چمچہ
ہری مرچ: 8 عدد
پیاز: 3 عدد
ہلدی: آدھا چائے کا چمچہ
نمک: حسب ذائقہ
ترکیب:
گوشت کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں بنا کر پتیلی میں ڈال دیں اور اسی میں دو لیٹر پانی ڈال کر انہیں ابال لیں۔ جب بوٹیاں گل کر نرم ہو جائیں تو گوشت کے ساتھ لہسن، ادرک، ہلدی، نمک اور پیاز کاٹ کر ڈال دیں۔
گوشت گل جائے اور پانی بھی خشک ہو جائے تو پتیلی میں گھی گرم کریں اور اس میں گوشت کی بوٹیاں ڈال کر ہلکی آنچ پر تلیں ہری مرچ کو درمیان سے کاٹ لیں۔ گوشت کی رنگت بادامی ہونے پر چولہا بند کر دیں۔
ڈش تیار ہے۔ دستر خوان کی زینت بنا لیں۔
کچے قیمے کے کباب
اشیاء
قیمہ:ایک کلو
پپیتہ:ایک چھٹانک
ادرک:آدھی چھٹانک
خشخاش:ایک چھٹانک
کھوپرا:ایک چھوٹا ٹکڑا
جاوتری:ایک عدد
کالی مرچ:ایک چائے کا چمچہ (پسی ہوئی)
زیرہ:ایک چائے کا چمچہ
لونگ: 12 عدد
بڑی الائچی: 4 عدد
بیسن: آدھ پاؤ
نمک: حسب ذائقہ
ثابت سرخ مرچ: حسب ذائقہ
گھی:حسب ضرورت۔
ترکیب:
مشین کا قیمہ بغیر چربی والا لیں پپیتا اور ادرک پیس کر اس میں ملا دیں۔ تین گھنٹے تک یونہی قیمہ پڑا رہنے دیں۔ اب تمام چیزیں یعنی کھوپرا، خشخاص، دار چینی، گرم مصالحہ، زیرہ، جائفل یا جاوتری، مرچ اور بیسن کو توے پر الگ الگ بھون لیں اور پیس کر قیمے میں ملا دیں۔ اس کے بعد ہری مرچ اور ہرا دھنیا کاٹ کر قیمہ میں ملا دیں اور ٹکیہ بنا کر تل لیں۔
قیمہ ٹماٹر
اشیاء
قیمہ:ایک کلو
گھی:ایک پاؤ
ٹماٹر:ڈیڑھ پاؤ
پیاز:(بڑی) 2 عدد
ادرک: تھوڑی سی
لہسن:حسب ضرورت
ہری مرچ: 4 عدد
ہرا دھنیا: آدھی گھٹی
نمک:حسب ذائقہ
ترکیب:
تمام مصالحے پیس لیں، قیمے کو دھو لیں، مصالحہ قیمے میں ملا لیں گھی کڑکڑائیں اور پیاز اس میں لال کر کے نکال لیں۔ پھر اس میں قیمہ اور کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر اس طرح بھونیں کہ ٹماٹر قیمے میں بالکل گھل جائیں اور قیمے کا رنگ سرخ ہو جائے۔ لال کی ہوئی پیاز چٹکی سے مسل کر سالن میں ملا دیں اور ہرا مصالحہ جو کاٹ کر تیار رکھا ہوا تھا پتیلی میں ڈال کر اسے دم پر رکھیں۔ جب قیمہ گھی چھوڑنے لگے تو پتیلی چولہے سے اتار دیں۔
٭٭٭

مزید :

ایڈیشن 1 -