حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے،اشرف بھٹی
لاہور (نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اس لئے اب اس حکومت کے پاس کوئی جواز نہیں ہے کہ وہ اقتدار کے ساتھ مزید چمٹی رہے اس حکومت کو رخصت کر دینے سے ہی ملک میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ناجائز منافع خوروں اور زخیرہ اندوزں کو گرفتار کرکے عوام کو سستے نرخرں میں سبزیاں اور اشیائے خوردنوش فراہم کی جائیں۔
اور مہنگائی کا باعث بننے والے عناصر کو جیلوں میں بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں عید کی آمد آمد ہے مگر عوام کو کہیں پر بھی کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں بلکہ عوام کو تو حکومت نے حالات اور ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے حکومت کے اس روئیے کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔