کسانوں کو معیاری، سستا بیج فراہم کر رہے ہیں، وزیر زراعت پنجاب

کسانوں کو معیاری، سستا بیج فراہم کر رہے ہیں، وزیر زراعت پنجاب

  

لاہور(سٹی رپورٹر) پنجاب سیڈ کارپوریشن کسانوں کو معیاری اور سستا بیج فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔اس ادارہ کو جلد پاکستان سیڈ کارپوریشن کا درجہ دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ کسانوں کو مزید بہتر سروسز فراہم کی جا سکیں یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے زراعت ہاؤس لاہور میں 117 ویں پنجاب سیڈ کونسل کے بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں بورڈ ممبران جاوید قریشی، محمد احمد یوسف،ملک مسعود ایڈوائزر سیڈ پنجاب اور ملک آفتاب کھچی، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر غضنفر علی، ڈائریکٹر ایڈمن میڈم صدف ظفر،ڈائریکٹر فنانس رانا رفعت، ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر اور ایڈوئزر برائے وزیر زراعت پنجاب شاہد قادر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر25جون2020 کو ریٹائر ہوچکے ہیں۔نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری تک بورڈ قانون کے مطابق کسی ممبر یا افسر کو ادارہ ہذٰا کے مالی اور ایڈمنسٹریٹو معاملات چلانے کیلئے وقتی طور پر بااختیار کرے تاکہ ملازمین کی تنخواہیں اور دوسرے معاملات احسن طور پر چلائے جا سکیں۔اس پر وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے ممبران بورڈکی مشاورت سے ڈائریکٹر ایڈمن میڈم صدف ظفر کو مالی معاملات اور ممبر بورڈ پنجاب سیڈ کارپوریشن آفتاب کھچی کی زیر نگرانی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر غضنفر علی کو ایڈمنسٹریٹو معاملات کی دیکھ بھال کرنے کا پابند بنایا۔وزیر زراعت پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے خود انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکرٹریٹ کہا ہوا ہے اور اْمید ہے کہ ایک دو روز میں نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری عمل میں آجائے گی۔

اس وقت تک معاملات کی دیکھ بھال متعلقہ آفیسرز کے سپرد کی ہے تاکہ ادارہ کاکام احسن طور پر چلتا رہے۔وزیر زراعت پنجاب نے یہ بھی بتایا کہ کاشتکاروں کی فلاح اور آبپاشی کے مسائل کے حل کیلئے محکمہ زراعت ڈرپ و سپرنکلر نظام آبپاشی پر کاشتکاروں کو 60 فیصد سبسڈی دے رہا ہے تاکہ فصلوں کو جدید نظام آبپاشی کے تحت پانی مہیا کیا جا سکے اور پانی کی بچت بھی ہو سکے

مزید :

کامرس -