ملکی معیشت کو ہونیوالے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے قومی ٹروتھ کمیشن بنایا جائے: سراج الحق
لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے قومی ٹروتھ کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجوزہ کمیشن ملک میں دہشتگردی جس کے نتیجہ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہوئے اور ملکی معیشت کو 120ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچا اس کا جائزہ لے،کمیشن یہ بھی جائزہ لے کہ اسلامی تاریخ میں پہلی بار کسی سفیر کو پکڑ کر دشمن کے حوالے کیوں کیا گیا جس سے ملک کی بدنامی ہوئی اور پوری دنیا میں قومی وقار کو دھچکا لگا، قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کرنے کی وجوہات اور حقائق بھی جائزہ کمیشن کو قوم کے سامنے لانے چاہئیں تاکہ ملکی عزت و آبرو کا سودا کرنے والوں کا تعین کیا جاسکے۔سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ ہم اپنی سابقہ کوتاہیوں کا جائزہ لیں اور آئندہ پاکستان کو کسی استعماری قوت کی خواہشات کی بھینٹ چڑھنے سے بچایا جاسکے۔
سراج الحق