فلور ملز کو سستے داموں گندم کی فراہمی روزانہ کی بنیاد پر جاری: عبدالعلیم خان

فلور ملز کو سستے داموں گندم کی فراہمی روزانہ کی بنیاد پر جاری: عبدالعلیم خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی تجاویز پر وفاق کی طرف سے فوری طور پر15لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے اور صوبہ خیبر پختونخوا میں پنجاب کی طرز پر ریزرو پرائس پر فلور ملز کو کم قیمت پر گندم کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے اور ا ب کے پی کے میں بھی20کلو آٹے کا تھیلا860روپے میں دستیاب ہوگا انہوں نے ان دونوں بڑے فیصلوں پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پنجاب پر گندم و آٹے کے دباؤ میں کمی آئے گی، اوپن مارکیٹ میں مقابلے کا رحجان پیدا ہوگا اور گندم و آٹے کی قیمتوں میں مزیداستحکام آئے گا۔عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں 20کلو آٹے کا تھیلا860روپے اور 10کلو کا 430روپے میں وافر تعداد میں دستیاب ہے،کہیں کسی جگہ کوئی شکایت نہیں،فلور ملز کو محکمہ خوراک کی طرف سے سستے داموں گندم کی فراہمی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے جس پر پنجاب حکومت خطیر رقم کی سبسڈی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چکیوں کو سرکاری طور پر کم قیمت کی گندم نہیں ملتی اس لیے وہاں آٹا مارکیٹ ریٹ کے مطابق فروخت ہو رہا ہے البتہ فلور ملز کی طرف سے اگر کہیں بھی کوئی شکائیت ہو تو اُسے مقامی ڈپٹی کمشنر کے علم میں لایا جانا چاہیے جس پر فوری کاروائی ہوگی عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ اس سال پنجاب حکومت نے فلور ملز کو سرکاری طور پر گندم کا کوٹہ وقت سے پہلے جاری کرنے کا فیصلہ بھی اسی لیے کیا کہ مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے۔

عبدالعلیم خان

مزید :

صفحہ آخر -