سندھ حکومت کی غفلت نے سندھ کو تباہ کردیا،صائمہ ندیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری وفاقی بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم نے کہا کہ سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے کراچی کا نظام پھر درہم برہم ہو گیا۔مون سون کی تیسری بارش نے سندھ حکومت کی غفلت کی وجہ سے سندھ کو تباہ کردیا ہے۔سندھ حکومت کے سارے دعوے پانی میں بہہ گئے شاہراؤں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔لوگ گھنٹوں سڑکوں پر ٹریفک جام میں کھڑے رہے۔بارش اور سیوریج کاپانی گھروں میں داخل ہو گیا،بلدیاتی اداروں کی جانب سے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں تالاب اورانڈرپاسز سوئمنگ پول کا منظر پیش کرنے لگے۔سندھ حکومت نے صرف دعوے کئے لیکن اقدامات کچھ نہیں کیا۔ سندھ کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ایک طرف کراچی کی عوام شدید مشکلات کا شکار تھی تو دوسری جانب سندھ حکومت کے حکمران کیک کاٹنے میں مصروف تھے۔ سندھ حکومت نے 13سالوں میں صرف عوام کا خون چوسا ہے کام کوئی نہیں کیا۔ سندھ حکومت کی نااہلی کی سزا کراچی کے عوام کو مل رہی ہے۔صائمہ ندیم کا کہنا تھا کے سندھ حکومت دوسروں پر تنقیدیں کرنا چھوڑیں اورسندھ میں کام کر کے دیکھا ئیں۔سندھ حکومت نے 13سالوں میں کوئی کام کیا ہوتا تو آج کراچی کا یہ حال نا ہوتا۔