سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ترمیمی بل 2020 متفقہ طور پر منظور

  سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ترمیمی بل 2020 متفقہ طور پر منظور

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے پیر کو اپنی کارروائی کے دوران سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ترمیمی بل 2020 متفقہ طور پر منظور کرلیا،ترمیمی بل وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے پیش کیا اس بل کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ یومیہ اجرت،دیہاڑی پر کام کرنے والے افراد کورونا کا شکار ہوئے تو سندھ حکومت امداد دے گی۔ ترمیمی بل کے تحت آئسولیشن کے عرصے کے دوران یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کی مالی مدد کی جائے گی اور ملازمت پیشہ افراد کی کورونا آسولیشن کے دوران کی گئی چھٹیاں ڈیوٹی تصور کی جائیں گی۔بل کے مطابق کسی بھی ملازم کے کورونا کے شکار ہونے کی صورت آئسولیشن کی مدت کی تنخواہ ادا نہ کرنا قابل سزا جرم ہوگا۔ ترمیمی بل کے تحت کسی بھی عوامی مقام پر ماسک کا استعمال لازم ہوگا۔ کارروائی کے دوران سندھ سیف سٹیز اتھارٹی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی جس کی شق وار منظوری دیکر بل کو منظور کرلیا گیا۔ایوان نے جنگلی حیات کے تحفظ و افزائش سے متعلق مسودہ قانون بھی منظور کرلیا۔ایوان نے اپنے اجلاس میں انسداد منشیات سے متعلق قوانین میں ترمیمی بل بھی منظور کرلیا۔ایم کیو ایم کے رکن خواجہ اظہار نے رائے دی تھی کہ اس بل کی منظوری سے قبل ترامیم پر مفصل طریقے سے غور و خوض کرلیا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -