کورونا سے متاثرہ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،محمود مولوی

  کورونا سے متاثرہ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،محمود مولوی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر اور مشیر برائے وزارت ساحلی امورمحمود مولوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے زیادہ لاک ڈاؤن نے پاکستان کی معیشت نقصان پہنچایا، حکومت کی مثبت پالیسیوں  کی وجہ سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔اپنے دفتر میں  ملاقات کیلئے آنیوالے تاجروں  کے وفد سے با ت چیت کرتے ہوئے مشیر برائے وزارت ساحلی امورمحمود مولوی نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے دیئے جانیوالے ریلیف کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں  بہتری دیکھنے میں آرہی ہے، کنسٹرکشن کے شعبے میں  ریلیف پیکیج کے باعث سیمنٹ اور اسٹیل سیکٹر میں  کاروباری حضرات کا رجحان بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 38 ہزار کی بلند ترین شرح پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں  کی طرف سے بھیجے جانیوالے زرمبادلہ کی وجہ سے بھی اسٹاک مارکیٹ میں  بہتری آئی ہے۔شرح سود میں  کمی کی وجہ سے کاروباری برادری کو بڑا ریلیف ملا ہے جبکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں  میں  کمی کی وجہ سے بھی اسٹاک مارکیٹ میں  استحکام آیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ بجٹ 21-2020ء میں  نئے ٹیکس نہ لگانے کی وجہ سے سرمایہ کاروں  کا اعتماد بحال ہوگیا ہے اور آئندہ آنیوالے دنوں  میں  پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 42 ہزار کی سطح تک جاتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔انہوں  نے کہا کہ وفاقی حکومت کی حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی نے ملک کو بڑے نقصان سے بچالیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں  کی وجہ سے کورونا سے متاثرہ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار میں بہتری معیشت کی بحالی کی طرف اشارہ ہے، آئندہ آنیوالے دنوں  میں  پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

مزید :

صفحہ آخر -