ذہین پاکستانی چوکیدار جس نے ایم فل کی ڈگری حاصل کرلی

ذہین پاکستانی چوکیدار جس نے ایم فل کی ڈگری حاصل کرلی
ذہین پاکستانی چوکیدار جس نے ایم فل کی ڈگری حاصل کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (ویب ڈیسک) پشاور یونیورسٹی کے شیخ زید اسلامک سینٹر میں بحیثیت چوکیدار تعینات نور مرجان خان نے اپنی محنت اور لگن کی بدولت ایم فل کی ڈگری حاصل کرلی۔نور مرجان خان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر سے ہے، وہ گزشتہ 20 سال سے چوکیداری کی ملازمت کر رہے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے تعلیم بھی جاری رکھی۔
نور مرجان کا کہنا ہے کہ جس مقصد کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کی تھی، وہ خواب ابھی پورا نہیں ہوا ہے۔نور مرجان خان کا کہنا ہے کہ ’میں 20 سال قبل میٹرک کے بعد بطور چوکیدار بھرتی ہوا تھا، اب میں ایم فل کی ڈگری بھی حاصل کر چکا ہوں لیکن اب بھی چوکیدار ہی ہوں اور پتہ نہیں کب تک چوکیدار ہی رہوں گا۔‘


نور مرجان نے اسلامیات میں ایم فل کیا اور ان کے مقالے کا موضوع قبائلی اضلاع کے رسم و رواج کا ہندوئوں اور سکھوں کے رسم و رواج کے ساتھ تقابلی جائزہ تھا۔شیخ زید اسلامک سینٹر میں چوکیدار کی ڈیوٹی سر انجام دینے والے نور مرجان خان نے حکومت اور یونیورسٹی کی انتظامیہ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میری درخواست یہی ہے کہ مجھے اپنی تعلیم کے مطابق کوئی ڈیوٹی دی جائے۔
نور مرجان خان کا کہنا ہے کہ ’میں نے بی ایڈ اور ایم ایڈ سمیت ایم فل بھی کیا ہے جو تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے اگر مجھے لیکچرر نہیں تو کم از کم ٹیچنگ اسسٹنٹ کی ہی ڈیوٹی دے دی جائے تاکہ میں اپنی تعلیم کو بچوں کے بہتر مستقل کے لیے استعمال کر سکوں۔‘


نور مرجان نے پشاور یونیورسٹی میں چوکیدار کی تنخواہ پر مختلف شعبوں میں بھی ملازمت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار سال تک سپرنٹنڈنٹ امتحانات کی ذمہ داری نبھائی اور یونیورسٹی کے ہاسٹل میں کلرک کے فرائض سر انجام دیئے۔